وزیراعلیٰ کا مہنگے داموں اشیاء ضروریہ، پھل اورسبزیاں فروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم

ناجائز منافع خور وں اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دونگا مجھے اپنے عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے، منافع کے نام پرعوام کولوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں کسی قیمت اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی،:شہبازشریف

جمعرات 17 مئی 2018 20:41

وزیراعلیٰ کا مہنگے داموں اشیاء ضروریہ، پھل اورسبزیاں فروخت کرنیوالوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ ، پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی وافر اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لہٰذا عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے متعلقہ محکمے اور انتظامیہ متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے عام مارکیٹوں اور بازاروںمیں بھی معیاری اشیائے ضروریہ،پھلوں اورسبزیوں کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کیساتھ عام مارکیٹوں میںاشیائے خوردونوش کی قیمتوں، کوالٹی اور وافر سپلائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مہنگے داموں اشیاء ضروریہ، پھل اورسبزیاں فروخت کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے اور منافع کے نام پرعوام کولوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور میں کسی صورت ناجائز منافع خور وں اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا اور کسی قیمت پر اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کا تاریخ ساز رمضان پیکیج عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے دیا ہے اور رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچنی چاہیئے اور اربوں روپے کے رمضان پیکیج کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچانے کیلئے منتخب نمائندوں، انتظامیہ اورپرائس کنٹرول کمیٹیوں کو موثر انداز میںفعال کردارتسلسل کے ساتھ جاری رکھناہوگا۔