نواز شریف 30 برس تک اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر سیاست کرتے رہے ‘آصف علی زرداری

پہلے ملک اور دھرتی ہے بعد میں پاور ہے مگر بدقسمتی سے یہ لوگ طاقت کے نشے میں آج دھرتی کا بھی ساتھ دینے کوتیار نہیں سزائیں دلانا ہمارا مقصد نہیں، لوگوں کو غلطیاں یاد کرانا ہے، اگر حساب مانگیں تو حساب دینا بھی پڑے گا‘افطار پارٹی میں کارکنوں سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 20:18

نواز شریف 30 برس تک اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر سیاست کرتے رہے ‘آصف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف 30 برس تک اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر سیاست کرتے رہے ،پہلے ملک اور دھرتی ہے بعد میں پاور ہے مگر بدقسمتی سے یہ لوگ طاقت کے نشے میں آج دھرتی کا بھی ساتھ دینے کوتیار نہیں،سزائیں دلانا ہمارا مقصد نہیں، لوگوں کو غلطیاں یاد کرانا ہے، اگر حساب مانگیں تو حساب دینا بھی پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی لاہورڈویژن کی افطار پارٹی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ سب کو رمضان کی مبارک باد دیتا ہوں، سیاسی موقع نہیں مگر سیاست دان سیاسی بات نہ کرے تو کیا کرے۔آج کل بہت سے دوستوں کا چرچا ہے،بہت سے لوگ تکلیف میں ہیں، سب سے پہلے ملک ہے، دھرتی ہے، جہاں قبر ہے، وہ جگہ اہمیت رکھتی ہے، بدقسمتی سے یہ لوگ طاقت کے نشے میں آج دھرتی کا بھی ساتھ دینے کوتیار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف 30 سال سے اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر سیاست کرتے رہے ہیں، چھانگا مانگا کی سیاست کس نے شروع کی تھی ۔مذاکرات کیے جاسکتے ہیں مگرپہلے جناب یہ بتایئے کہ آپ کی دکان کہاں سے آئی ۔اگر نواز شریف حساب مانگیں گے تو انہیں حساب دینا بھی پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آپ کے بزرگ کیا لے کر آئے تھے اور اب آپ کیا ہیں، سزائیں دلانا ہمارا مقصد نہیں، لوگوں کو غلطیاں یاد کرا کر معاف کرنا ہے اور تاریخ میں ہوا ہے کہ قوموں نے معافیاں مانگیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی بھٹو صاحب کا ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا، جو پینڈنگ میں ہے، سپریم کورٹ انصاف کرے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کمیشن بنانے کی باتے کرتے ہیں اور ہمیں کمیشن پر کوئی اعتراض نہیں لیکن یہ وسیع پیمانے پر بننا چاہیے ۔