نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنیکی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج

ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست پر 16 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا،درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنیکی ہدایت

جمعرات 17 مئی 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے پاکستان زندہ باد پارٹی کی جانب سے دائر درخواست پر 16 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

جسٹس شمس محمود مرزا نے فیصلہ سناتے ہوئے اس درخواست کو درخواست گزار کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردیا اور درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ سابق وزیراعظم کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا ہے اس لیے فاضل عدالت ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا حکم جاری کرے۔واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کی درخواست پر بھی لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بعد میں سنایا جائے گا۔