سویرا فاونڈیشن یوکے کی طرف سے بیول اور گرد ونواح کی بے سہارا خواتین میں ساڑے تین لاکھ روپے زکواة تقسیم کی گئی

جمعرات 17 مئی 2018 18:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) سویرا فاونڈیشن کی طرف سے ہر سال بیول کے علاوہ دیگر سنٹرز میں بھی زکواة تقسیم کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ تمام مراکز میں مجموعی طور پر تقریباً پانچ لاکھ روپے سے زائد نقد رقم تقسیم کی گئی۔ سویرا فاونڈیشن کی کنٹری منیجر مسز نصرت مبشر نے اپنے ہاتھوں سے بیوہ اور بے سہارا خواتین میں رقم تقسیم کی۔

اس موقع پر’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسز نصرت مبشر کا کہنا تھا کہ ہم عطیات وصول کرنے وا لی تمام خواتین کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ آئندہ ہم ان خواتین کی باقاعدہ رجسٹریشن کرکے ان کو رجسٹریشن کارڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اس نظام کو مزید مربوط بنایا جا سکے۔ واضع رہے کہ سعیدہ وارثی کی قائم کردہ یہ این جی او گزشتہ کئی سالوں سے بیول اور قرب وجوار میں خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

خواتین کو سلائی کڑہائی سکھانے کے علاوہ خواتین میں سلائی مشینیں اورغریبوں میں رکشہ بھی تقسیم کئے جاتے ہیں۔ مسز نصرت مبشر نے بتایا کہ چوہدری افتخار احمد وارثی کے بھائی چوہدری ابرار نے بیول کلرسیداں روڈ پر سویرا سکل سنٹر کے لئے ایک کنال زمین عطیہ کی ہے جس پر مستقبل میں سویرا فاونڈیشن کی اپنی عمارت تعمیر کی جائے گی تاکہ سعیدہ وارثی کی روشن کی گئی یہ شمع تادیر علاقے میں روشنی بکھیرتی رہے۔