ڈی پی او چوہدری ذوالفقار احمد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس

جمعرات 17 مئی 2018 18:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس لائن چکوال میں یکم رمضان المبارک ضلعی امن کمیٹی کا انتہائی اہم اجلاس ڈی پی او چوہدری ذوالفقار احمد کی صدارت میں منعقد ہوا، جبکہ ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، اس موقع پر ضلع بھر کے تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، مرکزی انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت بلدیاتی چیئرمینوں نے بھی شرکت کی، ڈی پی او چکوال نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور احمدیہ عبادت گاہوں پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کردیے گئے ہیں، جبکہ ضلع بھر میں عوام کیلئے لگائے جانے والی سستے رمضان بازاروں پر بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں آنے والوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں ماہ رمضان کے مقدس ماہ میں عوام الناس کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے رمضان بازار لگائے گئے ہیں، جبکہ انتظامیہ ڈی پی او چکوال کے ساتھ مل کر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد خان، مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ رضوان فاروقی، مولانا عبدالشکور نقشبندی، مولانا عبدالقدوس نقشبندی، معروف شیعہ راہنمائوں چوہدری محمد علی خان، سید احمد علی شاہ، تلہ گنگ سے مولانا باز خان اور دیگر علمائے کرام وسول سوسائٹی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور انہوںنے بتایا کہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام مقامی انتظامیہ سے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، اس موقع پر اے ایس ٹی تلہ گنگ اکرام اللہ، ڈی ایس پی صدر چکوال افتخار خان، سی ایس او انسپکٹر سید اعجاز شاہ اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔