سپریم کورٹ ، کوئٹہ میں چرچ دھماکے کے متاثرین کو معاوضے ادائیگی میں تاخیر کے حوالے سے از خود نوٹس کیس جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی ،معاوضہ کمیٹی کے رکن سرجن ڈاکٹر علی مردان سے بیان حلفی طلب کرلیا

جمعرات 17 مئی 2018 18:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں چرچ دھماکے کے متاثرین کو معاوضے ادائیگی میں تاخیر کے حوالے سے از خود نوٹس کیس میں معاوضہ کمیٹی کے ممبر سرجن ڈاکٹر علی مردان سے بیان حلفی طلب کرتے ہوئے مزید سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔ جمعرات کوجسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میںدو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

ا س موقع پرکرسچیئن کمیٹی کے نمائندے نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کیلئے وزیراعظم نے جس پیکج کااعلان کیا ہے اس میں سے 72 لاکھ روپے کم ہیں ہمارے ساتھ دہشت گردی ہوئی اس کے باوجود ہم نے اپنے عزیزوں کو امن و امان سے دفن کیا، لواحقین، سماعت کے دورا ن عدالت نے ڈی سی کوئٹہ سے استفسار کیا کہ آخرامدادی رقم کی تقسیم میں اتنا وقت کیوں لگا ہے عدالت کواس معاملے کے بارے میں وضاحت دی جائے، جس پرڈی سی کوئٹہ نے بتایا کہ میڈیکو لیگل رپورٹ میں تاخیر کی وجہ سے رقم کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے، توجسٹس اعجاز الااحسن نے استفسارکیا کہ کیا رپوورٹ دینے میں اتنا وقت لگتا ہے یہ توبہت زیادہ ہے پانچ ماہ ہوگئے ہیںاوررپورٹ نہیں آرہی ، جو ناقابل قبول ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے میڈیکل لیگل رپورٹ میں تاخیرپر معاوضہ ادائیگی کمیٹی کے ممبرسرجن ڈاکٹر علی مردان سے بیان حلفی طلب کر تے ہوئے مزید سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ۔