قومی اسمبلی میں مالیاتی بل کی منظوری کورم پورا نہ ہونے کے باعث کل صبح تک ملتوی

جمعرات 17 مئی 2018 18:31

اسلام آباد۔ 17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں مالیاتی بل 2018ء پیش کردیا گیا تاہم بل کی منظوری کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن شگفتہ جمانی نے اپنی ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور پنشن کے حوالے سے ترمیم مسترد ہونے پر کورم کی نشاندہی کردی ‘ کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

اور قومی اسمبلی سے فنانس بل کی منظوری کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔ جمعرات کو ایوان میں مالیاتی بل 2018ء کی منظوری کے عمل کے دوران شگفتہ جمانی نے ارکان اسمبلی کی پنشن کے حوالے سے ترمیم پیش کی جس کی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جاتے جاتے ہم یہ کام کریں گے تو نئے الزامات لگنے شروع ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

بہتر ہے کہ اس حوالے سے قانون سازی آئندہ اسمبلی پر چھوڑ دی جائے۔

شگفتہ جمانی نے کہا کہ کہ اس معاملے پر کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے چھ ماہ تک محنت کی ہے ۔وزیر خزانہ نے پل بھر میں اس کو مسترد کردیا ہے۔ اس لئے انہوں نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ ایوان کی کارروائی کچھ دیر تک معطل رہی تاہم ڈپٹی سپیکر نے آکر دوبارہ گنتی کروائی تو پھر بھی ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ نکلنے پر انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی (آج) جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردی۔