لاہور ؛پی ٹی وی پر عید الفطر کی خصوصی ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز

خصوصی نشریات 3روز تک جاری رہیں گی

جمعرات 17 مئی 2018 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) پاکستان ٹیلیویژن لاہور سینٹر میں عید الفطر کی خصوصی ٹرانسمیشن کی ریکارڈنگ شروع ہو چکی ہے اور جنرل منیجر لاہور سینٹر عبدالحمید قاضی اس عید کی خصوصی نشریات کو یاد گار بنانے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ خصوصی نشریات کی نگرانی ایگزیکٹو پروگرام منیجر اظہر فرید کر رہے ہیں ۔خصوصی نشریات تین روز تک جاری رہیں گی اور اس کی لنکنگ کے فرائض پروڈیوسرمحسن جعفر ادا کریں گے ۔

پروڈیوسرآغا قیصر عباس خصوصی بچوں کیلئے پروگرام "ہم سب ساتھ ساتھ ہیں " کی ریکارڈنگ کر چکے ہیں اور اس کی ایڈیٹنگ میں مصروف ہیں ۔اس پروگرام کے میزبان ڈاکٹر خالد جمیل بچوں سے خاص محبت رکھتے ہیں اور عرصہ اٹھارہ سال سے ان کے پروگرامز کی میزبانی سنبھالے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پروگرام میں گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ علامہ اقبال ٹاون لاہورکے خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

پروڈیوسر شوکت حسین چنگیزی ایک مزاحیہ ڈرامہ سیریل "پیار سمندر پار" کی ریکارڈنگ کر رہے ہیں جسے احمد عبدالرحمٰن نے تحریر کیا ہے اور خود بھی ایک رول پر کام کر رہے ہیں،دیگر فنکاروں میں نیراعجاز، منز ہ عارف، صوفیہ مرزا، حارب فاروق،عثمان راج ،فجر لودھی، طاہر ٹھاکر اور دیگر شامل ہیں ۔ڈرامہ سیریل "پیار سمندر پار" میں پروڈیوسر شوکت حسین چنگیزی کو علی طاہر کی معاونت بھی حاصل ہے ۔پروڈیوسر حسن احمد خان پروگرام" پٹاری "کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں ،عید کی تیاریوں کی ریکارڈنگ پروڈیوسر الیاس اور عید کے خصوصی پیغامات کی ریکارڈنگ پروڈیوسر میاں عثمان ظفر اورپروڈیوسر ملک ارشد شوکت کریں گے ۔