ای کریڈیٹ سکیم کا دائرہ کار اب50 ایکڑ اراضی کے کاشتکاروں تک بڑھا دیا ہے، محکمہ زراعت نجاب

جمعرات 17 مئی 2018 17:42

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2018ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آبادنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر اب تک کسان پیکج کے تحت کامیابی سے جاری، ای کریڈیٹ سکیم کا دائرہ کار اب50 ایکڑ اراضی کے کاشتکاروں تک بڑھا دیا ہے۔اس سکیم کے پہلے مرحلے میں اب تک 3 لاکھ45 ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سودقرضہ فراہم کیا جا چکا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سکیم کے تحت فصل خریف کیلئی40 ہزار روپے فی ایکڑ تک قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے اوراس ضمن میں 25 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کو بلاسود قرضہ جات فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ50 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو رعایتی قرضہ جات کی سہولت دستیاب ہوگی۔ای کریڈٹ سکیم کے تحت اخوت،نیشنل رورل سپورٹ پروگرام،ٹیلی نار بینک،نیشنل بینک آف پاکستان اور زرعی ترقیاتی بینک سے کاشتکار قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس پروگرام نے کاشتکاروں کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور زرعی ترقی کا موجودہ گروتھ ریٹ3.81 فیصد اصل میں اسی ای کریڈیٹ سکیم کا شاخسانہ ہے۔یہ قرضہ جات انتہائی شفاف انداز میں کاشتکاروں کو دیا جا رہا ہے۔کاشتکار اس سکیم میں حصہ لینے کیلئے تحصیل اراضی ریکارڈ سینٹرمیں اصل شناختی کارڈ،موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرواسکتے ہیں۔

کاشتکاروں کو رجسٹریشن کے بعدسٹاف کی جانب سے ٹوکن جاری کیا جاتا ہے۔رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں ہے۔اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار سے بینک اور متعلقہ ادارے کی جانب سے مزید کاروائی کیلئے رابطہ کیا جاتا ہے۔کاشتکارمزید معلومات اور اپنی رجسٹریشن کیلئے زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 اور0800-29000 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے فراہم کردہ سمارٹ فونز کے ذریعے بھی کاشتکاروں کو قرضہ جات کے متعلق معلومات فراہم کی جا ئیں گی اور ساتھ ہی خریف فصلات کے متعلق جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔