نوشہرہ میں فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، ایک شخص جاں بحق ،ْ 14 زخمی

خودکش حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ،ْحملہ آور نے 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا صوبے میں سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر موجودہ حالات سے ہم آہنگ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا ،ْ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی

جمعرات 17 مئی 2018 16:50

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) نوشہرہ میں کچہری چوک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او نوشہرہ ندیم بخاری کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 14 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 12 سی ایم ایچ ،ْ 2 ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا شوکت یوسفزئی نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر موجودہ حالات سے ہم آہنگ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نے 5 کلو بارودی مواد کے ساتھ اپنے مذموم مقصد کے لیے موٹر سائیکل استعمال کی۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نوشہرہ شہزاد ندیم بخاری کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔