وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال کی شرکت، ارکان نے انکی صحت یابی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا

جمعرات 17 مئی 2018 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2018ء) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چند روز قبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی شرکت کی، کابینہ ارکان نے وزیر داخلہ کے لیے صحت یابی کی دعاکی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی صحت یابی کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ارکان کابینہ نے گرمجوشی سے احسن اقبال کا استقبال کیا اور صحت یابی پر انہیں مبارکباد دی۔احسن اقبال نے کابینہ ارکان کی جانب سے دعاں اور نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔بعدازاں احسن اقبال کو وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر میں نارروال سے لاہور منتقل کیا گیا، جہاں سروسز اسپتال میں ان کی سرجری کی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس ماہ کی 6 تاریخ کو وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال کے علاقے کنجروڑ میں اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ جلسہ گاہ سے روانہ ہو رہے تھے، گولی چلانے والے ملزم عابد حسین کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا گیا، جبکہ احسن اقبال کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔

وزیرداخلہ کو 14 مئی کو اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دن آرام کا مشورہ دیا تھا۔