آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، کرنل سہیل عابد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انکے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کرنل سہیل کی شہادت پر اظہار افسوس

جمعرات 17 مئی 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کرنل سہیل عابد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انکے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ بہادر افواج سرزمین پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پر عزم ہو کر لڑتی رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہید کرنل سہیل کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ہم بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، دھرتی کی حفاظت کے لیے اپنے خون کی بھاری قربانیاں دیں جس کی کوئی مثال نہیں۔

یاد رہے کرنل سہیل عابد نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں دہشت گرووں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ مادر وطن کے اس غیور بیٹے نے خود کش بمباروں سمیت 3 دہشتگرد جہنم واصل کئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم لشکرجھنگوی بلوچستان کا سرغنہ سلمان بادینی بھی شامل ہے۔ بادینی 100سے زائد ہزارہ کمیونٹی کے افراد اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔