نیا ناظم آباد رمضان کپ‘ برائٹو پینٹس کی رحمن فاؤنڈیشن کیخلاف آسان کامیابی

جمعرات 17 مئی 2018 16:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ذیشان علی اور عثمان نذیر کی نصف سنچریاں اور علی یوسف کی 4وکٹوں نے برائٹو پینٹس کی کامیابی کو آسان بنادیا جب رحمن فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم 163رنز کے تعاقب میں 76رنز پر ڈھیر ہوگئی اوربرائٹو پینٹس نے 86رنز کی واضح کامیابی کے ساتھ چھٹا نیا ناظم آباد رمضان کپ میں اپنا فاتحانہ آغاز کیا۔

ذیشان علی اور علی یوسف نے مشترکہ مین آف دی میچ ایوارڈ مہمان خصوصی ڈاکٹر وقار چوہدری، پریذیڈنٹ رحمن فاؤنڈیشن سے وصول کیا۔ نیا ناظم آباد کے لوائی کرکٹ اسٹیڈیم پر گروپ ’اے‘ میں برائٹو پینٹس نے ٹاس جیت کر پہلے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر ذیشان علی اور بلال شاہ نے 53رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر بلال شاہ 19رنز پر احمد سلیم کا شکار ہوئے۔

(جاری ہے)

دوسری وکٹ پر ذیشان علی اور عثمان نذیر نے 42رنز جوڑے۔ دوسری وکٹ 95رنز پر گری جب عثمان نذیر 7چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 50رنز بنا کرک پویلین لوٹے۔ تیسری وکٹ پر صابر حسین اور ذیشان علی نے 27رنز بنائے ۔ 135رنز کے مجموعی اسکور پر ذیشان علی 56رنز میں 4چھکے اور 3چوکے لگاکر آؤٹ ہوگئے۔ بعدازاں کوئی بھی کھلاڑی قابل زکر کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ اور پوری ٹیم 27رنز کا مزید اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئی۔

رافع سفورا نے انتہائی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 19رنز کے عوض 4حریف بلے بازوں کو نشانہ بنایا۔ احمد ندیم کو 32رنز پر 2جبکہ غلام ڈوگر اور محمد مبشر کو ایک ایک وکٹ ملی۔رحمن فاؤنڈیشن کی جوابی اننگز 17.4اوورز میں مکمل ہوگئی ۔ گھنام وارہ 3چوکے لگا کر 21رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ ارسلان نے ایک چوکا لگا کر 11رنز بنائے ۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسہ کو عبور نہ کرسکا۔علی یوسف نے 8رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کرکے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ عبدالرزاق کو 9رنز کے عوض 2وکٹ ہاتھ آئے۔ سعد علی، محمد اشرف اور محمد فیضان نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔

متعلقہ عنوان :