سندھ ہائی کورٹ، ممبئی حملے سے متعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے بیان کے خلاف حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت3 جون تک ملتوی

جمعرات 17 مئی 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے ممبئی حملے سے متعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے بیان کے خلاف پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت تین جون تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کرنے کا حکم دے دیا ۔ سندھ ہائیکورٹ میں ممبئی حملے سے متعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے بیان کے خلاف پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔

دوران سماعت عدالت میں درخواست گزار حلیم عادل شیخ کے وکیل بیرسٹر جمیل کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق بیان دے کر ملک سے غداری کی ہے ۔ سابق وزیر اعظم کے بیان سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جمیل کو اخبار سے نواز شریف کا بیان پڑھ کر سنانے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر بیرسٹر جمیل نے کمرہ عدالت میں نواز شریف اور آئین کا آرٹیکل 6 پڑھ کر سنایا ۔

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے نواز شریف کا بیان اور آئین کا آرٹیکل سنائے جانے پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 6 کا اطلاق سنگین غداری اور آئین توڑنے پر لاگو ہوتا ہے ۔ یہاں آئین کا آٹیکل 6 لاگو نہیں ہوتا ۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کرے ۔ عدالت نے بعد ازاں سماعت تین جون تک ملتوی کر دی ۔