سندھ ہائیکورٹ کا قانون کے طلبہ کے امتحانی نتائج جاری کرنے میں تاخیر کرنے پر کراچی یونیورسٹی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 17 مئی 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے قانون کے طلبہ کے امتحانی نتائج جاری کرنے میں تاخیر کرنے پر کراچی یونیورسٹی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امتحانات کے کنٹرولر سمیت یونیورسٹی اور بورڈ کے سیکرٹری کو کل طلب کر لیا ۔ سندھ ہائیکورٹ میں قانون کے طلبہ کے نتائج میں تاخیر کرنے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔

عدالت نے نتائج میں تاخیر ہونے پر یونیورسٹی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس محمد علی مظہر کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ ایسے نااہل شخص کو عہدہ دیا ہے ، جو اپنا کام نہیں کر سکتا ۔ عدالتی ریمارکس میں مزید کہا گیا کہ کنٹرول کا کام امتحانی انتظامات وقت پر مکمل کرنے ہیں ۔ ایسے کنٹرول ہوں گے تو کام کیسے ہو گا ۔ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ اگر کل کنٹرولر امتحانات پیش نہ ہوئے تو ہم آئندہ پیر کے روز وی سی کو طلب کریں گے ۔

عدالت نے حکومت سندھ کی جانب سے وی سی کراچی یونیوسٹی کو طلب کرنے کی استدعا کی گئی ، جس پر عدالت میں کہا کہ پہلے کنٹرول کا موقف سن لیتے ہیں ، پھر وی سی کو بھی بلا لیں گے ۔ عدالت نے کل کنٹرول امتحانات سمیت یونیورسٹی اور بورڈ کے سیکرٹری کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔