ْچیئرمین بلدیہ شرقی نے یونیورسٹی روڈ کی سینٹرل آئی لینڈ پر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

پودے لگانا ماحولیاتی مسئلے کا حل ہے مگر یہ اسوقت کامیاب ہوگا جب پودا لگا کر اسکی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے،معید انور

جمعرات 17 مئی 2018 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آسودگی حاصل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے، ماحول دوست درختوں کے علاوہ کسی چیز میں طاقت نہیں ہے جو ماحول کے درجہ حرارت کو قدرتی طور پر کم کر سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 22 کے چئیرمین عبدالسلام و افسران کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کی سینٹرل آئی لینڈ پر شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے دوران کیا انہوں نے اس سلسلے میں معلومات حاصل کی کہ کون سے پودے یونیورسٹی روڈ پر لگائے جا رہے ہیں انہیں بتایا گیا کہ یونیورسٹی روڈ پر ماحول دوست درخت لگائے جا رہے ہیں زیادہ سے زیادہ ایسے درخت لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ماحولیاتی آلودگی کو کم کر سکے، چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ پودا لگا دینا مسئلے کا حل نہیں ہے پودے لگانے کے بعد کامیابی سے اسے درخت بنانے کیلئے مناسب دیکھ بھال کا بندوبست ہونا چاہیئے، ضلع شرقی میں ہر طرف ہریالی ہی ہریالی دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ضلع کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے شجرکاری کے لحاظ سے این جی اوز کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔