مطلوبہ دستاویزات کے حامل شہری شناختی کارڈ کے حقدار ہیں، ڈی جی نادرا سندھ

ریاست بہاریوں کو پاکستانی تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرتی تو کارڈ بھی جاری کرے،بریگیڈیئر صلاح اُلدین بریگیڈیئر (ر) صلاح اُلدین، لفٹیننٹ کرنل (ر) محمد اسلم ، معید اشرف، اور حیدر علی حیدر کی ڈی جی نادرا سے ملاقات

جمعرات 17 مئی 2018 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ نادرا میر نجم خان درانی نے کہاہے کہ مطلوبہ دستاویزات کے حامل شہری شناختی کارڈ کے حقدار ہیں جبکہ مجموعی طور پرکراچی اور حیدرآباد میں روزانہ 11500سے زائد افراد کو شناختی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں اس میں مزید بہتری کیلئے متعدد میگا سینٹر کا اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) صلاح اُلدین (ہلالِ امتیاز ملٹری) کی قیادت میں ان سے ملنے والے چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں لفٹیننٹ کرنل (ر) محمد اسلم ، معید اشرف اور حیدر علی حیدر شامل تھے۔ ڈی جی نادرا نے کہا کہ کارڈ کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھی عملی کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشرقی پاکستان سے آنے والے بہاریوں کے شناختی کارڈ کے اجراء میںرکاوٹوں کے بارے میں بتایا کہ جب تک ان کے بارے میں قومی اسمبلی سے بل پاس نہیں ہوجاتا یہ مسئلہ رہے گا نادرادر اصل حکومتِ پاکستان کے بتائے ہوئے اصولوں پر کاربند ہے۔

تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) صلاح اُلدین نے ڈائریکٹر جنرل نادرا کو مشرقی پاکستان سے آنے والے محصورین کے منقسم خاندان کی حالتِ زار کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی جسے ڈی جی نادرا نے ہمدردی سے سنا۔بریگیڈیئر (ر) صلاح اُلدین نے کہا کہ ریاست بہاریوں کو پاکستانی تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرتی تو کارڈ بھی جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ بہاری جیسے محب وطن پاکستانیوں کو شناختی کارڈ جاری نے کرناحبُ الوطنی کی توہین ہے۔ تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے ڈی جی نادرا کو ان کے ادارے کی جانب سے مختلف قسم کے بہانے بناکر کارڈ کے اجراء میں رکاوٹوں کی تفصیل سے متعلق ایک فہرست پیش کی جس پر نادرا کے ذمہ دار افسر مقصود جھنڈانی نے کہا کہ وہ آئندہ چند یوم میں فہرست کو چیک کرکے جواب سے مطلع کردیں گے۔