نقیب اللہ قتل کیس،رائو انوار کو سب جیل میں رکھنے پر اعتراضات عدالت میں جمع

رائو انوار کو جیل کی بجائے سب جیل میں رکھنا غیر قانونی قرار دیا جائے، نقیب اللہ کے والد کا نوٹس

جمعرات 17 مئی 2018 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) نقیب اللہ قتل کیس میں مدعی مقدمہ نے رائو انوار کو سب جیل میں رکھنے پر تحریری اعتراضات عدالت میں جمع کرادیئے ہیں۔جمعرات کونقیب اللہ کے والد کے وکیل فیصل صدیقی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو جیل کے بجائے سب جیل قرار دی گئی ان کی رہائش گاہ میں رکھنے پر اپنے اعتراضات جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریری اعتراض میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مفرور رائو انوار کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا، رائو انوار کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر ریمانڈ کے لئے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا، ایک ماہ کے ریمانڈ کے بعد ملزم کو جیل بھیجا گیا، ملزم نے کسی قسم کے سیکیورٹی خدشات کی شکایت نہیں کی لیکن اس کے باوجود 21 اپریل کو آئی جی جیل خانہ جات نے زبانی احکامات پر ملتان لائینز ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دے دیا، سب جیل قرار دینے کا کوئی نوٹی فکیشن بھی پیش نہیں کیا گیا، رائو انوار کو جیل کی بجائے سب جیل میں رکھنا غیر قانونی قرار دیا جائے۔