میسنجر آف پیس کے ذریعہ سندھ میں اسکائوٹ تحریک کو مزید فروغ ملے گا ،محمد صدیق میمن

حکومتی سرپرستی میں اسکائوٹ تحریک کو مزید فعال کرنے کیلئے سندھ اسکائوٹس کمپیوری سمیت مختلف کیمپس اور سرگرمیوں کا انعقاد رواں سال بھی جاری رکھا جائے گا، صوبائی کمشنرسندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن

جمعرات 17 مئی 2018 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر محمد صدیق میمن نے کہا ہے کہ میسنجر آف پیس کے ذریعہ سندھ میں اسکائوٹ تحریک کو مزید فروغ ملے گا ۔ حکومتی سرپرستی میں اسکائوٹ تحریک کو مزید فعال کرنے کیلئے سندھ اسکائوٹس کمپیوری کے انعقاد اور مختلف کیمپس اور سرگرمیوں کا انعقاد رواں سال بھی جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسکائوٹس کمپلیکس گلستان اسکائوٹس کراچی میں مسینجر آف پیس کے ضلعی کو آرڈی نیٹر ز کے تربیتی پروگرام کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اختر میر ، پروفیسر معین اظہر صدیقی ، حسین مرزا ، سید حبیب الدین ،فرقان یوسفی اور خورشید جعفری نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مسینجر آف پیس کی گیدرنگ میں سندھ کے تمام اضلاع سے 49نمائندوں نے شرکت کی ۔

10مئی سے 13مئی تک جاری رہنے والی اس ورکشاپ کے شرکاء کو مسینجر آف پیس پروجیکٹ کی افادیت کے حوالے سے تربیت دی گئی ۔ دوران تربیت انہیں فلیڈ وزٹ بھی کرایا گیا جبکہ کیمپ فائر بھی منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی جسٹس (ر) سید حسن فیروز تھے ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی کمشنر محمد صدیق میمن نے کہا کہ رواں سال کے اختتام پر کراچی میں سندھ کیمپوری کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سندھ بھر سے تین ہزار اسکائوٹس شرکت کریں گے ۔

نیز موسم گرما کی تعطیلات میں سندھ کے اسکائوٹس اور گرلز ان اسکائوٹنگ سے وابستہ بچیوں کو گھوڑا گلی مری میں کیمپ کرایا جائے گا ۔ نیز انہوں نے ہر ضلعی ایسوسی ایشن کی گرانٹ میں مزید ایک لاکھ روپے کا اضافہ کرکے ہر ڈسٹرکٹ کو د و لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو فعال کرنے اور انہیں بھی دو لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ۔

انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اضلاع میں اسکائوٹ تحریک کے فروغ میں بھر پور کردار ادا کریں ۔ تقریب میں شرکاء کو اسناد اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے جبکہ مہمان خصوصی کو مسینجر آف پیس کی خصوصی شیلڈ پیش کی گئی ۔ تقریب میں فرقان احمد یوسفی ، عبد الحئی خان ، ڈویژنل اسکائوٹ آرگنائز امام بخش نانگور ، عمر سومرو ، عبد الرحیم گدی ، غلام سرور مشہوری ، امیر حیدر جعفری ، طاہر شیخ، ظفر حسین ، حسن علی اور انور بھٹی نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :