بلوچستان میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے چین کی امداد باعث مسرت اور بلوچستان کی عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہوگی

قائمقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی وا لاکی پارلیمنٹ ہائوس میں چین کے سفیر یائو جینگ سے بات چیت

جمعرات 17 مئی 2018 15:55

بلوچستان میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے چین کی امداد باعث مسرت اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پانی کی کمی بلوچستان کا سب سے بڑا اور تباہ کن مسئلہ ہے ۔پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے چین کی امداد باعث مسرت اور بلوچستان کی عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہائوس میں چین کے سفیر یائو جینگ سے ملاقات کے دوران کیا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے چین کے سفیر کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے گرچکی ہے اور بلوچستان میں اس حوالے سے چین پلانٹ لگائے تو یہ صوبے کے عوام کیلئے نہایت فائدہ مند ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین بلوچستان میں پانی کی سپلائی کی لائنیں اور پانی کو ذخیرہ کرنے میں مددکرے ۔

(جاری ہے)

چین کے سفیر نے قائمقام چیئرمین سینیٹ کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے چین کے اعلیٰ حکام سے معاملہ نہ صرف اٹھائیں گے بلکہ اگلے ہفتے وہ کوئٹہ کا دورہ بھی کریں گے ۔

چین کے سفیر نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو چین کی خارجہ امور کی کمیٹی کے وائس چیئرمین کے دورہ پاکستان اور ان کی ملاقاتوں بارے بھی تفصیلی آگاہ کیا ۔ باہمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قائمقام چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی روابط کے فروغ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات کو فروغ ملے گا۔