نواز شریف کا انٹرویو جس نے بھی کروایا وہ سب سے بڑا دشمن ہے، شہباز شریف

نواز شریف کے بیان کے بعد پہلے کی طرح ماحول سازگار نہیں رہا، الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،ْبعض اراکین کی گفتگو (ن) لیگ کے قائد کے بیان پر ہر فورم پر بات کی جاچکی ہے، اس حوالے سے پارٹی پالیسی وضع کریں گے ،ْشہباز شریف تمام تر مشکلات کے باوجود مسلم لیگ (ن) آج بھی ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے، اجلاس سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 15:52

نواز شریف کا انٹرویو جس نے بھی کروایا وہ سب سے بڑا دشمن ہے، شہباز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ جس نے بھی نواز شریف کا حالیہ انٹرویو کروایا وہ سب سے بڑا دشمن ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمراں جماعت کے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں 100 سے زائد اراکین اسمبلی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران پارٹی قائد میاں نواز شریف کے حالیہ انٹرویو پر بعض اراکین کی جانب سے بات کی گئی، اس موقع پر ایک رکن نے شہباز شریف سے پوچھا کہ نواز شریف کا انٹرویو کس نے کرایا جس پر پارٹی صدر نے کہا کہ جس نے بھی یہ انٹرویو کرایا وہ سب سے بڑا دشمن ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران چار سے پانچ اراکین قومی اسمبلی کے علاوہ تمام ارکان نے نواز شریف کے بیان کی مکمل تائید و حمایت کی جب کہ نواز شریف کے بیان کی تائید نہ کرنے والے اراکین نے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کو نامناسب قرار دیا، جن میں عاشق گوپانگ، شیخ فیاض الدین، عبدالرحمان کانجو اور شفقت بلوچ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف کے بیان سے پارٹی کو نقصان پہنچا اور اس بیان سے قبل ختم نبوت والے معاملے نے بھی پارٹی کو نقصان پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق اراکین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان کے بعد پہلے کی طرح ماحول سازگار نہیں رہا، الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اراکین نے شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ رہنمائی کریں کہ موجودہ حالات میں کس طرح دفاع کریں، اس موقع پر شہباز شریف نے اراکین کو یقین دلایا کہ (ن) لیگ کے قائد کے بیان پر ہر فورم پر بات کی جاچکی ہے، اس حوالے سے پارٹی پالیسی وضع کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اراکین کے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھیں گے ،ْ(ن) لیگ کی کارکرگی ہی سب سے بڑا دفاع ہے اور آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔اجلاس سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور دیگر منفی ہتھکنڈوں سے ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تاہم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے گزشتہ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو مسلم لیگ (ن) نے پورا کیا، اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس کا آغاز بھی ایک بڑے وعدے کی تکمیل ہے۔حکمراں جماعت کے صدر نے کہاکہ تمام تر مشکلات کے باوجود مسلم لیگ (ن) آج بھی ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے، عوام کی طاقت سے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔