معاشرے کے نوجوانوں کو کھیل جیسی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،ْسردار مسعود خان

آزادکشمیر میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیا جائیگا ،کشمیر سپر لیگ کا قیام اس ضمن میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ،ْصدرآزاد کشمیر

جمعرات 17 مئی 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیا جائے گا اور کشمیر سپر لیگ کا قیام اس ضمن میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ جس کے حجم اور دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے اور اس کی سرگرمیوں کو مزید فعال اور متحرک بنانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سپر لیگ کے ڈائریکٹر مرتضیٰ درانی اور نامور صحافی ارشاد احمد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر گرامی سے جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ معاشرے کے نوجوانوں کو کھیل جیسی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے چونکہ کھیل ایک ورزش کا بھی ذریعہ ہے جو انسانی صحت کے لئے بہت ضروری ہے ایک توانا جسم ہی ایک توانا ذہن رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

کھیلوں کے فروغ سے اور کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے معاشرے میں بہت ساری سماجی اور معاشرتی برائیوں کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے چونکہ نوجوان منفی سرگرمیوں کی بجائے کھیل جیسی مثبت سرگرمیوں میں مصروف کار ہو جاتے ہیں ۔

صدر نے کہا کہ کشمیر سپر لیگ کو ملکی اور علاقائی سطح پر مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ اس میں مزید ٹیموں کو شامل کیا جائے گا اور پاکستان کے نامور کرکٹ کے کھلاڑیوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ بالخصوص سرینگر ٹائیگرز کا اضافہ اہم ہو گا۔ صدر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے چوہدری محمد سعید وزیر کھیل آزاد کشمیر کی سربراہی میں فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔