Live Updates

ن لیگ کی وکٹیں اُڑاتے ، اُڑاتے پی ٹی آئی خود کلین بولڈ ہوگئی

اہم ترین رہنماء ن لیگ میں شامل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 مئی 2018 15:02

ن لیگ کی وکٹیں اُڑاتے ، اُڑاتے پی ٹی آئی خود کلین بولڈ ہوگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2018ء) : پی ٹی آئی رہنما مسرت احمد زیب نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسرت احمد زیب نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ۔ مسرت احمد نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو بھجوا دیا ہے۔ مسرت احمد زیب نے پی ٹی آئی کی خیر باد کہنے کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ، جبکہ آج پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی وہ شریک تھیں۔

مسرت احمد نے آج وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں شہباز شریف نے پارٹی میں شامل ہونے پر مسرت احمد زیب کو مبارکباد پیش کی۔ خیال رہے کہ پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نا اہلی کے بعد مسلم لیگ ن کے لیے بُرا وقت شروع ہو گیا تھا ،سپریم کورٹ سے نا اہلی اور پارٹی صدارت چھن جانے کے بعد نواز شریف نے عدلیہ اور نیب پر خوب تنقید کی جس کی وجہ سے پارٹی کے کئی رہنماؤں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا اور صاف صاف بتا دیا کہ نواز شریف کا بیانیہ کسی طور بھی قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب نواز شریف اداروں کے خلاف اپنی تنقید جاری رکھے ہوئے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ممبئی حملوں سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا تھا جس کے بعد پارٹی کے مزید رہنماؤں نے بھی اختلاف کرگتے ہوئے ہاتھ کھڑے کر دئے، آج ہی مسلم لیگ ن کے رہنما لیفٹننٹ کرنل (ر) غلام رسول ساہی اور افضل ساہی نے پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ، غلام رسول کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مزید مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں چل سکتا۔  ایسے نازک حالات میں مسلم لیگ ن میں پی ٹی آئی کی رہنما مسرت احمد زیب کا شامل ہونا پارٹی اراکین کی نظر میں خوش آئند ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات