الجزائرمیں سبق یاد نہ کرنے پر معلمہ نے طالبہ کو کوڑے دان میں پھینک دیا

طالبہ کو کوڑے دان میں ڈالنے پر الجزائری معلمہ کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ،وزرات تعلیم کا بیان

جمعرات 17 مئی 2018 14:21

الجیریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) افریقی ملک الجزائر میں ایک اسکول کی معلمہ نے اپنی ایک طالبہ کو سزا کے طور پر کوڑے دان میں ڈال دیا جس پر محکمہ تعلیم نے معلمہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج جس میں ایک بچی کو ردی کی ٹوکری میں کھڑے ہاتھ میں کتاب اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے کے واقعے پر عوامی حلقوں میں سخت برہمی پائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ الجزائر کے مشرقی علاقے عین طایہ میں واقع العربی بن مھیدی نامی اسکول میں پیش آیا جب استانی نے اسکول کا کام نہ کرنے پر چوتھی جماعت کی ایک طالبہ کو سزا کے طور کوڑے دان میں کھڑا کر دیا تھا۔دوسری جانب تنقید کا سامنا کرنے والی فرانسیسی زبان کی معلمہ کا کہنا تھا کہ اس نے یہ اقدام تادیب کے طور پر کیا ہے تاکہ بچے زیادہ محنت سے کام کریں اور بھرپور تیاری کے ساتھ امتحانات میں شامل کو اچھے نمبر حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب الجزائری وزارت تعلیم نے ایک بیان میں کہا کہ بچی کو کوڑے دان میں ڈالنے والی معلمہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ معلمہ کا کہناتھا کہ وہ بچوں کو سبق یاد نہ ہونے پر سزا کے طور پر کمرہ جماعت کے اندر اور باہر صفائی کی سزا دیتی رہی ہے۔