وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کے تقرر کیلئے قواعد وضوابط کی بھی منظوری این ڈی ایم اے کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے اور اسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا بھی فیصلہ وزیر داخلہ احسن اقبال کی کابینہ کے اجلاس میں شرکت ،ْ کابینہ کے ارکان نے گرمجوشی سے استقبال کیا

جمعرات 17 مئی 2018 13:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران ملکی سلامتی اور معاشی صورت حال سمیت 27 نکاتی ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیاجس میں فاٹا اصلاحات کا ایجنڈا سہرفہرست تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کے تقرر کیلئے قواعد وضوابط کی منظوری بھی دی۔اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے اسلحہ کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے اور اسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری بھی دی۔ذرائع کے مطابق قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی صحت یابی کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ارکان کابینہ نے گرمجوشی سے احسن اقبال کا استقبال کیا اور صحت یابی پر انہیں مبارکباد دی۔

احسن اقبال نے کابینہ ارکان کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ اس ماہ کی 6 تاریخ کو وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال کے علاقے کنجروڑ میں اٴْس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ جلسہ گاہ سے روانہ ہو رہے تھے، گولی چلانے والے ملزم عابد حسین کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ احسن اقبال کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔بعدازاں احسن اقبال کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر میں نارروال سے لاہور منتقل کیا گیا ،ْ جہاں سروسز ہسپتال میں ان کی سرجری کی گئی۔وزیرداخلہ کو 14 مئی کو ہسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دن آرام کا مشورہ دیا تھا۔