تعلیمی ادارے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان ہونے کے باوجود کھُلے

سالانہ امتحانات کی وجہ سے بچوں کو چھٹیاں نہیں دی گئیں۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 مئی 2018 12:54

تعلیمی ادارے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان ہونے کے باوجود کھُلے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2018ء) :پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھُٹیاں 17 مئی سے 10 اگست تک دینے کا اعلان کیاگیا تھا لیکن محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اس نوٹیفکیشن کے باوجود بھی آج لاہور میں کئی اسکولوں کے کھُلنےکی اطلاعات ہیں، ذرائع کے مطابق اسکول انتظامیہ نے طلبا کے سالانہ امتحانات کی وجہ سے آج اسکول کھولنے کافیصلہ کیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اعلان کیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں 17 مئی سے 10 اگست تک ہوں گی۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کوئی اسکول تین ماہ کی اکٹھی فیس وصول نہیں کرے گا۔ اسکولوں میں لگائے گئے سمر کیمپ کی الگ سے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ خیال رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں آج سے چھُٹیوں کا آغاز ہونا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے بھی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھُٹیوں کا اعلان کررکھا ہے، محکمہ تعلیم کے پی کے نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا، نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں 17 مئی سے 13 اگست تک چھُٹیاں ہوں گی۔ قبل ازیں سندھ حکومت کے جاری کردہ اعلان کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک ہوں گی۔

سندھ میں موجود تمام تعلیمی اداروں میں طلبا کو 14 مئی سے ہی تعطیلات دے دی گئی تھیں، سندھ میں شدید گرمی کے باعث محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی سفارش کی تھی۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات جلد کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھجوائی گئی تھی۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سمری میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق چھٹیوں کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔