آج بھی گوجرخان کے ہزاروں نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی سزا عدالتوں میں پیش ہو کر بھگت رہا ہوں‘راجہ پرویز اشرف

اگر اپنے حلقے کے نوجوانوں کو نوکریاں دینا اور روزگار دلوانا جرم ہے تو یہ جرم میں بار بار کرتا رہوں گا بے شک مجھے اس جرم کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے

جمعرات 17 مئی 2018 12:53

آج بھی گوجرخان کے ہزاروں نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی سزا عدالتوں میں ..
گوجرخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آج بھی گوجرخان کے ہزاروں نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی سزا عدالتوں میں پیش ہو کر بھگت رہا ہوں اگر اپنے حلقے کے نوجوانوں کو نوکریاں دینا اور روزگار دلوانا جرم ہے تو یہ جرم میں بار بار کرتا رہوں گا بے شک مجھے اس جرم کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے ، ہمیشہ گوجرخان کے مفادات کو اپنے سیاسی مفادات پر ترجیح دی پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کی کوئی منافقت نہیں کی سچائی کے راستے پر چلنے والا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو میں کیا ، انہوں نے کہا سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں پیپلز پارٹی غریب عوام کی نمائند ہ جماعت ہے ، پارٹی قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اصولوں سے مفاہمت نہیں کی جس کے جرم میں انہیں پھانسی دی گئی ، شہید بھٹو کے اسی فلسفے پر محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی جام شہادت نوش کیا، اب پارٹی قائدین کے اس ادھورے مشن کو قائدبلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ، پارٹی ہر لحاظ سے منظم اور متحد ہے ، 2018ء کے عام انتخابات میں عوامی طاقت سے دوبارہ برسراقتدار آئیں گے اور پاکستان مخالف قوتوں کو عبرتناک شکست دیں گے ، راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اپنے دوراقتدار میں بے شمار ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ، جن پر مخالفین اپنے نام کی تختیاں لگا کر سستی شہرت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، عوام ان دھوکے بازوں کو بخوبی پہنچانتے ہیں اور آئندہ کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔