وفاقی کابینہ نے فاٹا کے خیبرپختونخواہ میں انضمام کی منظوری دے دی

منظوری وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 مئی 2018 12:22

وفاقی کابینہ نے فاٹا کے خیبرپختونخواہ میں انضمام کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2018ء) : وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 27 نکاتی ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا، وفایق کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے اسلحے کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں بھی ترمیم کی منظوری دی،وفایق کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں اسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، وفاقی کابینہ نے سی ڈی اے کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری اور ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کےتقرر کیلیےقواعد وضوابط کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا کے خیبرپختونخواہ میں فوری انضمام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق فاٹا کو فوری طور پر خیبرپختونخواہ میں ضم کر دیا جائے گا۔ انضمام کے وقت کا تعین وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

آج وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی شریک ہوئے۔ وفاقی کابینہ نے وزیر داخلہ احسن اقبال کی کابینہ اجلاس میں آمد پر ان کا پُرتپاک خیر مقدم کیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت شروع ہوا تو ارکان نے وزیر داخلہ احسن اقبال کی آمد پر ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے کابینہ اراکین کی دعاؤں اور نیک تمناؤں پرشکریہ ادا کیا۔