بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں جنگ بندی کا اعلان نمائشی اقدام ہے، اشرف صحرائی

جمعرات 17 مئی 2018 11:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جنگ بندی کا اعلان محض ایک نمائشی اقدام ہے، سیز فائر مستقل ہونا چاہیے اور اسک امقصد تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے ایک ٹھوس روڈ میپ تلاش کرنا ہو ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے یہ کہنا کہ رمضان المبارک میں کشمیر میں فوجی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی کامطلب یہ ہے کہ رمضان کے بعد قابض فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل اور جبر وا ستبدا دکا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا لہذا اس اقدام کو سیز فائر کا نام کیسے دیا جاسکتا ہے۔

محمد اشر ف صحرائی نے کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اور وہ ایک عظیم مقصد کے لئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت نمائشی اقدامات سے انہیں ہرگز بہلا نہیں سکتا۔ انہوںنے کہا کہ اگر بھارت تنازعہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہوتا تو وہ سیز فائر کے ساتھ ساتھ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک روڈ میپ بھی پیش کرتا۔