بلوچستان میں کالعدم لشکر جھنگوی کا بڑا دہشتگرد مارا گیا

دہشتگرد ہزارہ برادری کے قتل اور بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث تھا۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 مئی 2018 11:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2018ء) : بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی کے ایک بڑے دہشتگرد کو ہلاک کر دیا ۔ آپریشن میں پاک فوج کے کرنل رینک کے سینئیر افسر کرنل سہیل عابد نے جام شہادت نوش کیا۔ کارروائی میں مجموعی طور پر 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشتگرد ہزارہ برادری کے قتل اور بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کلی الماس میں آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی وجہ سے ممکن ہوا۔ لشکر جھنگوی بلوچستان کا لیڈر سلمان بادینی خود کُش حملہ آوروں کے ساتھ تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں مارے جانے والے دو دہشتگرد افغان تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خود کش بمباروں کی موجودگی پر کارروائی کی۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے دہشت گرد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ برادری کے قتل میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں میں 2 خود کش بمبار بھی شامل تھے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران کرنل سہیل عابد شہید جبکہ 4 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئےجن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ خیال رہے کہ 2014ء میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کا آغاز کیا گیا تھا۔

ان آپریشنز میں پاک فوج نے گزشتہ سالوں میں کئیی بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ ملک بھر میں آج بھی آپریشن رد الفساد کے تحت دہشتگردون کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف شرور کیے گئے آپریشنز پر عالمی سطح پر بھی پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا گیا۔