شہید کرنل شجاع خانزادہ کے چھچھ کے لیئے خواب پورے کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں‘ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ شہید کرنل شجاع خانزادہ کے چھچھ کے لیئے خواب پورے کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں‘ حضرو شہر میں کرکٹ سٹیڈیم سپورٹس کمپلیکس، ریسکیو 1122،ہٹیاں جہانیاں کارپٹ روڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈائلیسز مشینیں، چھچھ بھر کے کالجوں سکولوں میں کمپیوٹر لیب کی فراہمی بھی شہید کرنل شجاع خانزادہ کے خواب تھے کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالنا پسند نہیں کرتا میرا الیکشن چھچھ کے عوام لڑیں گے، شہید کرنل شجاع خانزادہ نے ملک و قوم کیلئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا‘ 2018کے الیکشن میں چھچھ کے عوام اوپر بھی شیر اور نیچے بھی شیر پر مہریں لگا کر چھچھ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس کمپلیکس میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمینز،وائس چیئرمینز ،کونسلرز کے علاوہ نزاکت خان ، نزاکت حسین ،الیاس خا ن،حاجی احسان خان ، ڈاکٹر زعفران ،ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بہادر شیر،سعید الرحمان کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے۔ جلسے کا اہتمام ملک انصار، الیاس قریشی اور دیگر نے کیا تھا جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ شہید کرنل شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد چھچھ کے عوام نے میرا جو ساتھ دیا اسے زندگی بھر فراموش نہیں کر سکتا یہی وجہ ہے کہ شہید کرنل شجاع خانزادہ نے چھچھ کی ترقی کے جو خواب دیکھے تھے انکو پورا کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہوں 2018کا الیکشن میرا نہیں بلکہ چھچھ کے عوام کا الیکشن ہوگا مجھے پورا یقین ہے کہ اہلیان چھچھ اس ترقی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے شیخ آفتاب احمد اور مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر ایک بار پھر چھچھ میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ہی چھچھ کے عوام کے مسائل حل کرنا ہے جس کیلئے دن رات کوشاں ہوں آج جس طرح اہلیان چھچھ نے مجھ سے محبت کا اظہار کیا اس سے حوصلے بلند ہوئے ہیں ہم نے پہلے کسی کو مایوس کیا نہ آئندہ کریں گے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ ان پانچ سالوں کے دوران ملک بھر مین جو ترقی ہوئی اس کا کریڈٹ میاں برادران کو جاتا ہے۔