رمضان المبارک کے مقدس ساعتوں میں کسی کو گراں فروشی کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے‘ ڈپٹی کمشنر ہری پور

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ساعتوں میں کسی کو گراں فروشی کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف جرمانوں کے ساتھ ساتھ جیل یاترا کا خصوصی بندوبست کیا جائے گا۔ وہ بدھ کو اپنے دفتر میں ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاہواز طارق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزومر پروٹیکشن ظفر مشوانی، صدر ہری پور چیمبر آف کامرس حاجی منظور، صدر کریانہ ایسوسی ایشن ملک فخر عالم، صدر قصاب یونین چوہدری صدیق، صدر ہری پور پریس کلب ذاکر حسین تنولی، ممبر تحصیل کونسل سید علیم پاشا صدر سبزی فروٹ منڈی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں رددوبدل کیا گیا اور نئی قیمتیں مقرر کی گیئں اور ان قیمتوں کے مطابق بڑا گوشت 300 روپے کلو، چھوٹا گوشت 650 روپے کلو، پراٹھا 15 روپے، روغنی نان 15 روپے، چاول سیلا کرنل کائنات 133 روپے فی کلو گرام، بیسن دال چنا والا 95 روپے فی کلو گرام، لوبیا سفید 95 روپے کلو گرام، لوبیا سرخ 125 روپے کلو، پکوڑے 160 روپے فی کلو گرام، سموسے آلو والے 120 روپے فی درجن، دودھ 90 روپے فی لیٹر، دھی100 روپے فی کلو گرام کے علاوہ 36 کے قریب مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دنوں میں باقاعدگی سے مارکیٹ کی چیکنگ کی جائے گی تاکہ مقرر کردہ نرخ سے زیادہ کوئی وصول نہ کر سکے اور گراں فروشی میں ملوث کسی شخص کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے سستا رمضان بازار کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔