جیولرز شاپ پر ہونے والی چوری کا باقی مال جلد برآمد کر لیں گے، ملزمان جلد کیفرکردار تک پہنچیں گے‘ ایس ایس پی شعبہ تفتیش ہری پور

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ایس ایس پی شعبہ تفتیش شمس الرحمن نے کہا ہے کہ نیو عبدالرحمن جیولرز پر ہونے والی چوری کا باقی مال بھی بہت جلد برآمد کر کے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، اس سلسلہ میں ایک میٹنگ طلب کر لی گئی ہے، ملزم کتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کو نیو عبدالرحمن جیولرز اور دیگر دکانوں پر ہونے والی چوریوں کے سلسلہ میں سابق صدر اے ٹی اے راجہ حفیظ انور، صدر ہری پور پریس کلب ذاکر حسین تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال، خانزیب گل صدر صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں محمد اسحق عابد اور وقاص احمد ایڈووکیٹ و نعیم عابد شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمیل الرحمن ڈی ایس پی بھی موجود تھے۔ وفد نے ایس ایس پی کو نیو عبدالرحمن جیولرز پر 13/14 مارچ کی رات ہونے والی چوری اور اس کی پیش رفت اور ملزمان کی گرفتاری اور کچھ زیورات کی برآمدگی سے متعلق آگائی دی اور کہا کہ ملزمان نے اعتراف کیا کہ چوری انہوں نے کی اور ان کے ساتھ کون کون سہولت کار اور مددگار تھے اور مال کس کس کو دیا لیکن تفتیشی پولیس کی طرف سے اس کے بعد مکمل خاموشی شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے اور نہ ہی چوروں نے جن کی نشاندھی کی، کو شامل تفتیش کیا گیا۔

اس پر ایس ایس پی تفتیش نے کہا ہے کہ انشاء الله بہت جلد پیش رفت ہو گی اور تمام مال کی ریکوری ہو گی اور کوئی کتنا ہی بااثر کیو نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے ڈی ایس پی کو اپنے آفس میں اس سلسلہ میں ایک میٹنگ بلانے اور اس کیس کو دیکھنے کا کہا۔ انہو ں نے وفد کو کہا کہ تاجروں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کا فرض ہے۔

متعلقہ عنوان :