ماہ رمضان میں اشیائے خوردونو ش کے ریٹ کم کر کے عوام کو ریلیف دینا انتظامیہ اور دکاندارو ں کی ذمہ داری ہے

مقررہ نرخوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنائیں گے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر نے کہا ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینہ میں اشیائے خوردونو ش کے ریٹ کم کر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا انتظامیہ اور دکاندارو ں کی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں صرف اور صرف معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت یقینی بنانا ہو گی، مقررہ نرخوں اور معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ڈویژنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوراک امتیاز احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، فوڈ اتھارٹی کے افسران، کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، آر ایم یوٹیلٹی سٹورز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد شاد محمد، تاجر تنظیموں کے نمائندے اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا کہ انتظامیہ کسی کے سا تھ زیادتی نہیں کرنا چاہتی مگر ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے اور اس فرض کی ادائیگی کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیںگے۔ اجلاس میں 22 اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں کمی کی گئی جبکہ دیگر اشیاء کے نرخ برقرار رکھنے کے علاوہ بیسن، بڑا گوشت، چھوٹا گو شت، دودھ، دھی، چپل کباب، پکوڑہ، سموسوں کے نرخوں پر بھی تفصیلی بحث کے بعد نرخ مقرر کئے گئے۔

اجلاس کے فیصلہ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دال چنا اور بیسن کے سوا دیگر تمام اقسام کے بیسن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق چائینہ نمک کی خرید و فروخت اور استعمال پر بھی پابندی ہو گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ 170 گرام تندوری روٹی کی قیمت 10 رو پے ہو گی اور تمام نان بائی اپنی دکانوں پر الیکٹرانک ترازوں رکھنے کے پابند ہوں گے۔

صارفین اشیائے خوردونو ش سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں دفتر محکمہ خوراک ایبٹ آباد میں قائم شکایت سیل سے دستی، تحریری یا ٹیلی فون پر رابطہ کر سکیں گے جبکہ ضلعی شکایات سیل سے فون نمبر 0992-9310204 پر بھی رابطہ کیا جا سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقرر کردہ نرخ ناموں کے مطابق اشیائے خوردونوش کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے اور معیار پر کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ماہ رمضان میں روزانہ کی بنیادوں پر پرائس مجسٹریٹ بازاروں کی چیکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش میسر آ سکیں۔