Live Updates

عمران جھوٹ کے سہارے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے‘ شہباز شریف

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی جھوٹ کے سہارے باشعور عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے، آمدہ انتخابات میں اپنی کاکردگی کی بنیاد پر پاکستان بھر میں کلین سویپ کریں گے، عمران نیاز ی کے پاس عوام کو دکھانے کیلئے کچھ بھی نہیں، گذشتہ پانچ سالوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں ترقی کی بجائے مزید پسماندگی آئی ہے، عمران نیازی کے 375 منی الیکٹرک ہائیڈرو پراجیکٹس لگانے کے دعوے کہاں گئے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکی۔

وہ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے بٹگرام میں منعقدہ جلسہ سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ بٹگرام آ کر گذشتہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو کامیاب کرانے پر یہاں کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے لیکن موسم کی خرابی آڑے آ گئی ہے، تبدیلی کی دعویداروں نے دوران اقتدار خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا، الله نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نوازشریف عوام کے عدالت میں سرخرو ہے، ان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے، ووٹ کو عزت دو والی مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے، آمدہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پوری ملک سے واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے مقدر میں وزیراعظم کی شیروانی نہیں لکھی بلکہ شادیوں کی شیروانیاں لکھی گئی ہیں، انہیں ایک صوبہ میں حکومت ملی تھی اس کا حشر ہم سب کے سامنے ہیں، جب خدا نخواستہ پورے ملک کی بھاگ دوڑ ملے گئی تو پتہ نہیں یہ شخص پاکستان کا کیا حشر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بٹگرام کے عوام احسان فراموش نہیں، کچھ مفاد پرست سیاستدانوں کی وجہ سے یہاں کی بدنامی ہوئی ہے جو کپڑوں کی طرح سیاسی پارٹیاں بھی تبدیل کرتے آ رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو ایک ایسا وزیراعلیٰ ملا ہے جو صحت کے لحاظ سے تیلی پہلوان ہے، ان کو عوام کی مشکلات سے کو کوئی سروکار نہیں، وہ کوئلہ کی دلالی میں منہ کالا کر چکا ہے، تبدیلی کے نام پر اس تیلی پہلوان وزیر اعلی نے خوب کرپشن کی ہے۔

مرتضی جاوید عباسی نے مزید کہا کہ عمران نیازی اور پوری ٹیم بیرونی ایجنڈے کے تحت پاکستان میں بے حیائی اور عریانی والا کلچر متعارف کروا رہے ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) والے سیسہ پلائی دیوار کے مانند اس کی ہر سازش کا بھر پور مقابلہ کریں گے، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) عوامی حمایت کی بدولت پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ خوشحال ریاست بنائیں گے۔ جلسہ سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سابق وفاقی وزیر عالم زیب خان تھاکوٹ اور ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ ولی محمد خان نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات