وزیراعلیٰ بلوچستان کا اچانک سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ ، صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 17 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بدھ کے روز سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کیوڈی اے فٹ بال گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور اس کے پاس پڑے کچرے کے ڈھیر کو فوری ٹھکانے لگانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ذمہ دار لوگ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں، اس سلسلے میں غفلت اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں صفائی، نکاسی آب اور اسٹریٹ لائٹ کی درستگی کو جلد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سی جی ایس کالونی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں سے بات چیت کی اور سی جی ایس کالونی میں واقع پارک کا معائنہ کیا اور اس کی فوری بحالی اور کالونی کی صفائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے پرانی سبزی منڈی کا بھی معائنہ کیا جہاں کیو ڈی اے کے حکام نے سبزی منڈی میں تعمیر کئے جانے والے مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :