Live Updates

دفاع پاکستان کونسل، سول سوسائٹی اور دیگر مختلف جماعتوں کے زیر اہتمام نواز شریف کے متنازع بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے ،غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

بدھ 16 مئی 2018 23:50

�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) دفاع پاکستان کونسل، سول سوسائٹی اور دیگر مختلف جماعتوں کے زیر اہتمام سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے ممبئی حملوں کے حوالہ سے متنازع بیان کے خلاف لاہور سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سول سوسائٹی نے دوسرے دن بھی فیصل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نواز شریف پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد، ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران مظاہروں میں شریک وکلاء، طلباء، تاجروں، سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے کارکنان نے نواز شریف کی متنازع بیان بازی کیخلاف سخت غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور کے اسمبلی ہال فیصل چوک میں سول سوسائٹی کے رہنما شیخ عامر،ارشد بھٹی، علی عمران شاہین ، سہیل سلیم، آصف شہاب، مسز جھار ا پہلوان ودیگر کی قیادت میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس دوران مودی کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے‘کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہاکہ نواز شریف کو ووٹ دینا مودی کو ووٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی فی الفور استعفیٰ دیں۔سول سوسائٹی کے رہنما شیخ عامر،ارشد بھٹی، علی عمران شاہین ، سہیل سلیم، آصف شہاب، مسز جھار ا پہلوان ودیگر نے کہاکہ ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان بازی پاکستان پر بین الاقوامی پابندیاں لگوانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے گمراہ کن بیان کے دفاع میں مصروف ہیں۔ پاکستانی قوم محض ذاتی مفادات کیلئے ملکی سلامتی کونقصان پہنچانے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔سول سوسائٹی فورم اسلام آباد سرکل کے تحت نواز شریف کے متنازع بیان کیخلاف نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس موقع پرشرکاء کی جانب سے مودی کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے‘، غدار کو پھانسی دو، کشمیر کا جو غدار ہے پھانسی کا حق دار ہے ، پاک فوج زندہ باد ، نواز شریف بھارت جاؤ، ووٹ کی عزت مانگنے والو! ملک و ملت کو عزت دو کے نعرے لگائے جاتے ہے۔

احتجاجی مظاہرہ سے سول سوسائٹی فورم کے منتظم حارث ڈار نے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملہ کے حوالہ سے بیان دے کر ملک سے غداری کی ہے ، قوم انتخابات میں اسے ووٹ نہیں دے گی۔ووٹ کی عزت کاشور مچانے والوں کے ساتھ ووٹر اب کھڑے نہیں ہوں گے کیونکہ انہوں نے ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے ، یہ انتخابات جیت کر آئین کی 62,63کی ترمیم کر کے پھر اقتدار کے مزے لینا چاہتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہو گا ، پاکستان کی بقاء سے ہی سب کی بقاء ہے ۔

تحریک انصاف کے رہنما انجینئر افتخار احمد نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستانی قوم نے تین دفعہ عزت دی لیکن اس نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا۔ نواز شریف نے اپنے اقتدار کے لیے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا۔قوم پاکستان کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروانا جانتی ہے ،انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کو ترنوالہ سمجھتے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہم غداروں کو پیچھا کریں گے انہیں ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا ۔

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر مجاہد گیلانی نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن بھی ثابت ہوگئی اور اس کی غداری بھی واضح ہو گئی اب اس کو سزا دی جائے ۔عمران خان صدر پیغام یونین آئیسکو نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کی دوستی میں پاکستان کے خلاف باتیں شروع کر دیں ، چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے خلاف دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔

عبدالقادرصدر یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کہتا ہے کہ ہم نے نواز شریف پر سرمایہ کاری کی اگر اسے ہٹا دیا تو ہمارا ایجنڈا پورا نہیں ہو گا ۔تحریک پنجتن پاک کے رہنما ڈاکٹر عظمت علی شاہ ،راجہ ظفر اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے ملکی سلامتی کے خلاف دیے گئے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں ، نواز شریف پر آئین سے غداری کا مقدمہ چلا کر سزا دی جائے۔

دفاع پاکستان کونسل کے تحت ملتان کے نواں شہر چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں وکلاء، طلباء، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نواز شریف کی متنازعہ بیان بازی اور انڈیا کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل ملتان کے مرکزی رہنما میاں سہیل ودیگر نے خطاب کیا۔

سول سوسائٹی اور دفاع پاکستان کونسل کے تحت حیدر آباد سندھ گاڑی کھاتہ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور نواز شریف کے متنازع بیان کی سخت مذمت کی گئی۔ احتجاجی مظاہرہ سے محمد عابد، عبدالواحد سواتی، خالد سیف و دیگر نے خطاب کیا۔ سول سوسائٹی کے تحت کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہروں میں سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کہاکہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ میاں نواز شریف اور ان کے حواری بھارت و امریکہ کو خوش کرنے کیلئے وطن عزیز پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہیں۔ نواز شریف نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیان بازی کر کے پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی ۔ انہیںکشمیر میں بہتے ہوئے لہو کی کوئی پرواہ نہیں۔ کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کی کاروائیوں پر حکمرانوں کی زبانیں خاموش ہیں لیکن کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیو الوں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات