فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم تاریخ کا سیاہ باب ہے، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق

عالمی برادری اس بہیمانہ طرز عمل کا نوٹس لے،مولانا انوارالحق و دیگر

بدھ 16 مئی 2018 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم تاریخ کا سیاہ باب ہے،عالمی برادری اس بہیمانہ طرز عمل کا نوٹس لے،عالم اسلام اس اہم موقع پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے،پوری قوم رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں فلسطینی مسلمانوں کو خصوصی دعاوں میں یاد رکھے،ائمہ و خطبا جمعہ اجتماعات میں اسرائیلی مظالم اور فلسطین کی تازہ صورتحال پر روشنی ڈالیں ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوارالحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا-انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے اور مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم و ستم تاریخ کا سیاہ باب ہے جس نے انسانیت کو شرمندہ کر کے رکھ دیا ہی-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور دوہرے معیار ترک کر دی-وفاق المدارس کے قائدین نے عالم اسلام کے حکمرانوں اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں-انہوں نے ماہ رمضان کی مبارک ساعتوں میں پوری قوم سے فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاوں کی اپیل کے ساتھ ساتھ مساجد کے ائمہ و خطبا کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیلی مظالم اور فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالیں اور عوام الناس کو ظلم سے بغاوت اور مظلوموں کی حمایت کی ترغیب دیں۔

مسعود