Live Updates

پی ٹی آئی کو موقع ملا تو ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے گرائونڈ بنائے جائیں گے،ملک امان اللہ نوتیزئی

بدھ 16 مئی 2018 23:50

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف چاغی کے ضلعی صدر ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو موقع ملا تو ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے گرائونڈ بنائے جائیں گے ،ایم پی اے کو اسپورٹس کی مد میں بھاری فنڈز ملنے کے باوجود چاغی کے باصلاحیت نوجوان ناہموار میدانوں میں کرکٹ اور فٹ بال کھیلنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے نائب صدر ذاکر بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری داد کریم آزاد، جوائنٹ سیکرٹری حاکم ایجباڑی ودیگر کے ہمراہ پہلا آل دالبندین شہید صدام شکاری ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس سے قبل انہوں نے مذکورہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیتنے والے نجم شیر سمالانی کرکٹ ٹیم کے کپتان، دوسرے نمبر پر آنے والے ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیئے اور ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے دس ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا. پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا کہ چاغی کے کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں مگر افسوس کہ علاقے دیگر شعبوں کی طرح اسپورٹس کے فنڈز بھی کرپشن، اقربا پروری اور کمیشن خوری کی نذر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے برابر ہی.

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کھلاڑیوں کی جماعت نے ہمارے قائد نے کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر دکھایا اور اب انشااللہ 2018 کا انتخاب بھی جیت کر دکھائیں گی. انہوں نے درخواست کی کہ چاغی کی اس بار کرپٹ نمائندوں کو مسترد کرکے ایماندار قیادت کو سامنے لائیں تاکہ چاغی کی قسمت بھی بدل جائے اور یہاں ترقی ہو. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی ہر فورم پر کرپٹ اور ظالمانہ نظام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات