بچیوں کو تعلیم یافتہ بناکر انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کریں گے، قلیل مدت میں ہم نے جو وعدے کئے انہیں پورا کررہے ہیں‘ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو

بدھ 16 مئی 2018 23:40

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم اپنی بچیوں کو تعلیم یافتہ بناکر انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کریں گے‘ بجٹ میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ طلباء وطالبات کو تعلیمی اداروں میں بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے، قلیل مدت میں ہم نے جو وعدے کئے انہیں پورا کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں مختلف گرلز کالجز کی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان، معاون خصوصی بلال کاکڑ اور سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج مجھے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں آپ طالبات کے درمیاں ہوں اور اپنا وعدہ پورا کررہا ہوں۔

میں نے پچھلے دورے کے موقع پرطالبات کے لئے لیپ ٹاپ کا اعلان کیا تھا اور یہ لیپ ٹاپ تقسیم کررہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو مزید تعلیم کی طرف گامزن کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر صوبے اور ملک کی خدمت کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں حکومت کی بہت قلیل مدت ملی ہے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوام کی خدمت کرسکیں اور ہمارے اعلانات صرف اعلانات تک محدود نہ رہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ بجٹ کا 28فیصد تعلیم کے فروغ، تعلیمی اداروں کی بہتری اور اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرلز کالج کینٹ کی مختلف اسکیمات جس میں سائنس لیبارٹری، اسٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری شامل ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ صوبے کے دیگر اضلاع میں گرلز کالجز کی بہتری کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2000ہزار کے قریب شیلٹر لیس اسکولزہیں جن کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام انتخابات قریب ہیں آپ طلباء وطالبات ووٹ کا ضرور استعمال کریں اور ایسے نمائندوں کو آگے لائیں جو صوبے اور عوام کی خدمت کرسکیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد ایسی جماعت ہو جس میں بلوچ، پٹھان، سیٹلر سب اقوام ایک قوم بن کر اس صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے کام کریں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر نے مختلف گرلز کالجوں کی پانچ سو طالبات میں لیپ ٹاب تقسیم کئے۔