سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پاکستان سمیت امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد

رمضان ہمیں نیکی اور اعتدال پسندی کی راہ پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا ہے، اس ماہ مقدس میں دنیا بھر کے مسلمان عبادت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی قربت اور خوشنودی حاصل کرتے ہیں‘ سردار ایاز صادق

بدھ 16 مئی 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان سمیت امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان ہمیں نیکی اور اعتدال پسندی کی راہ پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا ہے، اس ماہ مقدس میں دنیا بھر کے مسلمان عبادت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی قربت اور خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان ہمیں تزکیہ نفس اور دوسروں کی ضروریات کے ادراک کا موقع فراہم کرتاہے، یہ مہینہ ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں اور برکتوں کے دروازے کھول دیتا ہے ہمیں اس مہینے میں معاشرے کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی مدد کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلین نے کہا کہ اسلام ہمیں امن و محبت کا درس دیتا ہے اور دہشتگردی اور تعصب کی سختی سے ممانعت کرتا ہے جو عناصر مذہب کے نام پر دہشتگردی اور عسکریت پسندی پھیلارہے ہیں ان کا مذہب سے کو ئی تعلق نہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلمانوں کو ان شرپسند عناصر جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے مذہب کو استعمال کر رہے کے خلاف متحد ہونا چاہئے اور انہیں اپنی صفوں سے باہر نکال پھینکنا چاہئے۔ انہوں نے دعا کی کہ ماہ رمضان پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشیوں کا باعث ہواور اس ماہ مقدس کی برکتوں اور فضیلتوں کے باعث اٴْمت مسلمہ کے درمیان نفرت، فرقہ واریت اور بدامنی کا خاتمہ ہو۔