شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں انٹر ہاسٹلز بوائز کرکٹ ٹورنامنٹ 2018کی تقریب تقسیمِ انعامات کا انعقاد

بدھ 16 مئی 2018 23:20

سکھر۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں انٹر ہاسٹلز بوائز کرکٹ ٹورنامنٹ 2018کی تقریب تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی ۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائیس چانسلر نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیاں تدریسی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہیں۔

صحتمند دماغ معاشرے کی ترقی اور امن میں اپنا بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان قومی سطح پر بھی نمائندگی کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر فیاض رضا چانڈیو پرووسٹ ہاسٹلز اور سید محمد وقار شاہ ایڈمنسٹریٹو آفیسر (ہاسٹلز) کو ٹورنامنٹ منعقد کروانے پر سراہا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں 7ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں 200بوائز ہاسٹل کنگ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے 132رنز بنائے جواب میں سچل سرمست ہاسٹل ٹائیگرٹیم 87رنز بناسکی یوں 200بوائز ہاسٹل کنگ ٹیم نے 45رنز سے جیت کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ 200بوائز ہاسٹل کنگ ٹیم کو ونر ٹرافی اور 3000روپیہ نقد جبکہ سچل سرمست ہاسٹل ٹائیگرٹیم کو رنرز اپ ٹرافی اور 2000روپیہ نقد انعام دیا گیا۔

دلدار ناریجو کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہیں 1000روپیہ نقد اور کرکٹ بیٹ دیا گیا جبکہ فائنل کا بہترین کھلاڑی کاشف علی خاصخیلی کو قرار دیا گیا۔انہیں 500روپے نقد اور کرکٹ بیٹ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو شرٹ بھی دی گئیں۔ تقریب میں میریٹوریس پروفیسرڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کو آرڈنیٹر، محمد مراد پیرزاد ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن، سید محمد وقار شاہ ایڈمنسٹریٹو آفیسر (ہاسٹلز) ، محمد اسلم شر ، دستار علی چانڈیو وارڈنز اور دونوں ٹیموں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :