میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے یونین کمیٹی 9 نواں گوٹھ میں کھلی کچہری کا انعقاد

بدھ 16 مئی 2018 23:20

سکھر۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے یونین کمیٹی 9 نواں گوٹھ میں علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرانے کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں یوسی 9کے وائس چیئرمین عرفان بندھانی، بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی، انیس بھولو، حاجی عثمان بندھانی، عامر عمر بندھانی و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر حاجی شریف بندھانی نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں میں میئر سکھر کی خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آدم شاہ واٹر ٹینک کو پانی سپلائی کرنیوالی خستہ حال لائن کی تبدیلی اور میونسپل ڈسپنسری کو فعال بنانے سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ واٹر ورکس فیز فور سے آدم شاہ واٹر ٹینک کو پانی سپلائی کرنیوالی پائپ لائن 35سے 40سال پرانی ہونے کے باعث مکمل طور پر خستہ حال ہوچکی ہے، اس لئے مہینے میں 3سے 4بار ناکارہ ہوجاتی ہے اور علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیار کرلیتا ہے، جتنی رقم مذکورہ پائپ لائن کی مرمت پر خرچ کی جاچکی ہے اس سے آدھی رقم میں نئی پائپ لائن بچھائی جاسکتی تھی، جبکہ جس جگہ پر یہ کھلی کچہری منعقد کی جارہی ہے اسی جگہ پر میونسپل ڈسپنسری نواں گوٹھ میں طویل عرصے سے غیر فعال ہیں، ڈاکٹرز کی کمی اور ادویات کے فقدان کے باعث لوگوں کو علاج و معالجے کی سہولیات میسر نہیں ہے، جس کی وجہ سے لوگ پرائیویٹ کلینکوں سے اپنا علاج کراتے ہیں اور غریب افراد کے لئے پرائیویٹ سطح پر علاج کرانا ممکن نہیں، اس لئے میونسپل ڈسپنسری نواں گوٹھ کو فعال بناکر اس کا نظام پی پی ایچ آئی کے حوالے کیا جائے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے مسائل سننے کے بعد بندھانی برادری کے معززین کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ جس طرح علاقے میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا گیا ہے اسی طرح پینے کے پانی کے مسئلے اور میونسپل ڈسپنسری کو بھی فعال بنانے کے حوالے سے جلد کام شروع کردیا جائیگا۔ میئر کی یقین دہانی پر بندھانی برادری کے معززین نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :