آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے استقبال رمضان کے سلسلے میں تاجروں کا اجلاس

بدھ 16 مئی 2018 23:20

سکھر۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے تاجر سیکرٹریٹ استقبال رمضان کے سلسلے میں تاجروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداروں اور دکانداروں نے شرکت کی، اس موقع پر آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی حاجی محمد ہارون میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک ہمارے لئے نیکیوں اور بخشش کا پیغام لیکر آیا ہے ہمیں ماہ صیام کو روزوں اور عبادت کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کا خیال رکھنے اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنیکا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ مستحق اور ضرورتمند افراد بھی رمضان اور عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہمیں پیار محبت رواداری امن و سلامتی اور مستحقین کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے رسول ؐ کی تعلیمات کے مطابق رمضان المبارک کو گزاریں اور اپنے لئے بخشش کا سامان پیدا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ سحر و افطار اور نماز تراویح میں روزہ داروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان المبارک میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بہتر کی جائے تجارتی اور رہائشی علاقوں سمیت مساجد اور نماز تراویح پڑھانے کے مقامات پر بھی صفائی ستھرائی کے اچھے انتظامات کیے جائیں اور تجارتی مراکز میں ماہ رمضان میں خریداروں کی تعداد بڑھ جاتی ہے اس لئے پولیس کے اعلیٰ افسران بازاروں مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز میں سیکورٹی انتظامات بہتر کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔