وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا عوام کو صحت کی معیاری اور ارزاں خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ

موجودہ حکومت نے گذشتہ 5 سالوں کے دوران صحت سمیت مختلف شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائیں ،ْ خطاب

بدھ 16 مئی 2018 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عوام کو صحت کی معیاری اور ارزاں خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ 5 سالوں کے دوران صحت سمیت مختلف شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائیں، صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،موجودہ حکومت نے صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں۔

وہ بدھ کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ( این آئی ایچ)کی تزئین و آرائش کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر قومی صحت خدمات سائرہ افضل تارڑ ،سیکرٹری صحت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت کے ایجنڈے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صحت پالیسی کا یکساں نفاذ بنیادی اہمیت کا حامل ہے،18ویں ترمیم کے بعدصحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے تاہم وفاقی حکومت عوام کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اس ضمن میں باہمی رابطے اور پالیسی سازی کے حوالے سے صوبوں کی مکمل معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات جاری رہیں گے کیونکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کا کام ہے، موجودہ حکومت نے صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے سنجیدہ اقداما ت اٹھائے۔ انہوں نے وفاقی وزیر قومی صحت و خدمات سائرہ افضل تارڑ اور سیکرٹری صحت کی نگرانی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی تزئن و آرائش مکمل کرنے پرمبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں صحت کا شعبہ ہمارے منشور کے عین مطابق اولین ترجیحاتی ایجنڈا رہا اور 2016-25ء کے نیشنل ہیلتھ وژن کے سماجی شعبہ میں طبی نگہداشت کے ایجنڈا کو بھی ترجیح دی گئی ہے جو کہ ہماری وزارت نے بنایا، وژن مستعد، فعال، قابل رسائی اور تمام آبادی کو سستی ہیلتھ سروسز کی فراہمی کے ذریعے یونیورسل ہیلتھ کوریج میں رہنمائی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این آئی ایچ قومی اثاثہ ہے اور اس میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ ہم پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور عوام کی خدمت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔