شہر کی تمام شاہراہوں اور گلی محلوں میں صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنراورمیئر ملتان کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 17 مئی 2018 00:08

ملتان۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل اور مئیر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور میو نسپل کارپوریشن مکمل طور پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے۔

اس سلسلے میں میں عملہ صفائی ہائر کر کے مشینری بھی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام شاہراہوں اور گلی محلوں میں صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے،دوسرے مرحلے میں دیہی یونین کونسلز پر توجہ دی جائے گی ۔سرکٹ ہائوس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مئیر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو محدود وسائل اور کم افرادی قوت میسر ہے ،ہر یونین کونسل میں اوسطً 11سینٹری ورکر ز موجود ہیں جو انتہائی کم ہیں ۔

(جاری ہے)

بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے نیا سٹاف بھرتی اور مشینری خریدی جائے گی ،چوہدری نوید الحق آرائیں نے مزید کہا کہ کوڑے کو آگ لگانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اور یونین کونسلز کی سطح پر خصوصی سکواڈ تشکیل دے کر شہر کی صفائی بہتر بنائی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ 2ہفتے میں شہر کی صفائی کو بہتر کرنے کا عزم کیا ہے اس حوالے سے میڈیا کے تعاون کے خواہاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مئیر ملتان کے ہمراہ صبح 5بجے شہر کا دورہ کیا کریں گے اور اپنی نگرانی میں صفائی کرائیں گے ۔زاہد سہیل نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے پاس اس وقت 1300سینٹری ورکر زہیں جن میں سے بیشتر ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ کمپیوٹرائز حاضری سسٹم کو متعارف کروا کر حاضری کو100فی صد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا صفائی کے حوالے سے مثبت نشاندہی کر ے اور ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی کرے،قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر محمد انوارالحق کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔