رمضان المبارک میں ملک بھر کے گھریلو صارفین کو بجلی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ مصدق احمد خان

جمعرات 17 مئی 2018 00:08

ملتان۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی (PEPCO) کے منیجنگ ڈائریکٹر مصدق احمد خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ملک بھر کے گھریلو صارفین کو بجلی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہمی کے لئے لوڈمینجمنٹ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے ۔رواں سال بارشیں کم ہونے اور گلیشیئر نہ پگھلنے کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی آمد اور اخراج کم ہے ۔

اور اس وقت بجلی کی پیداوار کا زیادہ انحصار تھرمل پاورسٹیشنز پر ہے اور زیادہ سے زیادہ پاور سٹیشنز چلاکر بجلی پیداکرکے صارفین کو دی جارہی ہے ۔سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں گھریلو صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے ملک بھر کی تمام ڈسٹری کمپنیز کو احکامات دے دئیے گئے ہیں اور بجلی فراہمی کی صورتحال کی مانیٹرنگ وزارت توانائی اور پیپکو کی سطح پر کی جارہی ہے جبکہ بجلی کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو اپنے اپنے ریجن کے علاقوں بجلی فراہمی اور شکایات کی مانیٹرنگ کی ہدایات دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ریجن کے تمام شعبوں کے افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ داروں کو بجلی کی فراہمی اور ان کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ثواب کمانے کی نیت سے کریں اور ان سے دعائیں حاصل کریں ۔کسی بھی ایمرجنسی ، بریک ڈائون یا شٹ ڈائون کی صورت میں صارفین کو فوری مطلع کریں ۔ تمام سب ڈویژنل آفیسرز اپنے علاقوں کی مساجد کے ذریعے بھی صارفین تک اطلاعات پہنچائیں اگر بجلی بندش کے شیڈول میں کوئی تبدیلی آئے تو اسے بھی صارفین تک پہنچانا آپ کا فرض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن میں بجلی بندش کی معلومات صارفین تک 24گھنٹے قبل پہنچائی جائیں جبکہ فنی خرابی کی صورت میں بھی متاثرہ صارفین کو آگاہ کیاجائے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزارت توانائی اور پیپکو اتھارٹی کے احکامات کی روشنی میںرمضان المبارک میں سحروافطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے ، بریک ڈائون کی صورت میں جلد ازجلد بجلی بحالی اور دیگر شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

حکومتی ہدایات کی روشنی میں گھریلو صارفین کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ بجلی فراہمی کے لئے صنعتوں کو شام 6بجے سے صبح 5بجے تک بند کرنیکا فیصلہ کیاگیاہے ان اوقات میں بچنے والی بجلی گھریلو صارفین کو دی جائے گی ۔ اسی طرح ٹیوب ویل صارفین اور چھوٹی صنعتوں سے درخواست کی گئی ہے کہ پیک آورز اور سحروافطار کے دوران اپنی صنعتیں اور ٹیوب ویل نہ چلائیں تاکہ روزہ داروں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

میپکو اتھارٹی نے وزارت توانائی اور پیپکو اتھارٹی کے احکامات کی روشنی میں تمام سرکلز میں کنٹرول رومز قائم کردئیے ہیں ۔ میپکو ہیڈ کوارٹر کے پاورڈسٹری بیوشن سنٹر میں ریجنل کنٹرول روم بنایاگیاہے جہاں تین شفٹوں میں افسران اور ملازمین بجلی فراہمی اور تعطل کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور شکایات کے اندراج اور ازالے کے لئے ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں میں بھی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جو یکم رمضان المبارک سے آپریشنل ہوجائیں گے ۔

سرکلوں میں بجلی کی سپلائی، شکایات کے اندراج اور ازالہ کے لئے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل کنٹرول رومز کے انچارج ہوں گے ۔ صارفین بجلی کی بندش کے بارے میں معلومات اور شکایات کے ازالہ کے لئے میپکو کے ٹول فری نمبر 0800-63726اور ریجنل شکایات سنٹرکے نمبروں 061-9220317، 061-9220321پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔