نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان؛علماء بھی میدان میں آ گئے،اہم ترین اعلان کر دیا

کافروں کی مدد کرنا کفر،سابق وزیر اعظم نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا فوری توبہ کریں،سنی اتحاد کونسل کے 50علما کا مشترکہ اعلامیہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 16 مئی 2018 22:48

نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان؛علماء بھی میدان میں آ گئے،اہم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-16مئی 2018ء ) :نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان پرعلماء بھی میدان میں آ گئے،اہم ترین اعلان کر دیا۔سنی اتحاد کونسل کے 50علما نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کافروں کی مدد کرنا کفر ہے،سابق وزیر اعظم نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا فوری توبہ کریں۔اعلامیے کے مطابق مزید کہا گیا کہ نواز شریف کا بیان پاکستان اور مسلمانوں سے غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں کے حوالے سے دیا گیا متنازعہ بیان ان کے گلے پڑ گیا۔ایک جانب ان کے خلاف غداری کے الزامات لگا کر ان پر مقدمہ درج کئیے جانے کی بات کی جارہی ہے تو دوسری جانب ان کی سیاسی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان پرعلماء بھی میدان میں آ گئے،اہم ترین اعلان کر دیا۔

سنی اتحاد کونسل کے 50علما نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا بیان گمراہ کن ہے اور مسلمانوں اور پاکستان سے غداری کے زمرے میں آتا ہے۔نواز شریف کے خلاف آئین قانون اور شریعت کے مطابق سخت کاروائی کی جانی چاہیے ہے کیونکہ قرآن و حدیث میں کافروں کی مدد کرنا بھی کفر کے زمرے میں آتا ہے۔اسلامی ریاست کی فوج کے خلاف سازش کرکے اسے کمزور بنانا شریعت کی رو سے منع ہے جبکہ نواز شریف پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایک انگریزی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے عسکریت پسندوں نے بھارت میں جا کر ممبئی پر حملہ کیا۔ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ یہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کردیں، یہ عمل ناقابل قبول ہے، یہی وجہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔اس بیان کے بعد ممبئی حملوں کے حوالے سے ملک بھر میں ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔