پنجاب فوڈ اتھارٹی رمضان المبارک میں بہترین صحت برقرار رکھنے کی غذائی ترکیب جاری کر دی

گوشت اور مرغن غذاوں سے ہر ممکن پرہیزکی ہدایت، ریشے دارغذائیں صحت کیلئے مفید بتا دیں افطاری کے فورا بعد زیادہ پانی پینے سے اجتناب، کاربونیٹڈ کولا ڈرنکس کی بجائے لیموں پانی استعمال کریں گھروں میں پکوڑے سموسے تیار کرنے میںتیل کو بار بار استعمال نہ کیا جائے۔ماہرین غذائیت پی ایف اے

جمعرات 17 مئی 2018 00:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سحر وافطار میں کھانے پینے کے حوالے سے غذائی ترکیب جاری کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی نیوٹریشنز کا کہنا ہے سحری میں چنے ،آٹے کی روٹی، دلیہ، چاول، پھلی دانے کھانے کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔ فائبر سے بھرپور پھل اور سبزیاں، سیب، امرود، آڑو ،آلو اور پالک جیسے کھانوں کو ترجیح دی جائے۔

ماہر غذائیت کے مطابق روزہ کے طویل دورانیہ کے پیش نظر ریشے والی غذائیں کھانا زیادہ بہتر ہے۔گوشت اور مرغن غذاوں کا استعمال ہر ممکن حد تک کم سے کم کیا جائے۔ سحر و افطار میں چائے کا کم استعمال یا مکمل گریز کرنا صحت کے لیے بہترین ہے۔سحر کے اوقات میںدودھ دہی اور ان کے استعمال سے تیار کردہ اشیاء کے استعمال کو دستر خوان کا لازمی حصہ بنائیں۔

(جاری ہے)

سحر و افطار میں ضرورت سے زیادہ کھانا صحت کے لیے انتہائی خطرناک عمل ہے۔فوڈ اتھارٹی نیوٹریشنز کا کہنا ہے کہ زیادہ چکنائی، نمک اور چینی پر مشتمل کھانوں کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ افطاری کے فورا بعد زیادہ پانی پینے سے اجتناب کیا جائے۔افطار میں میٹھے مشروبات اور کاربونیٹڈ کولا ڈرنکس کی بجائے لیموں پانی کاستعمال جسمانی پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔

گھروں میں پکوڑے سموسے تیار کرنے میں استعمال شدہ تیل کا دوبارہ استعمال مت کریں کیونکہ دوبارہ استعمال کرنا صحت کیلئے مضر ہے۔رمضان المبارک میںتلی ہوئی اشیاء کا کم سے کم استعمال کریں۔ماہ مبارک میں جسمانی ورزش میں کمی کسی صورت نہ کی جائے۔ رمضان میں غذائی لاپرواہی صحت کی خرابی کا باعث بنتی ہیں۔تفصیلی رمضان ڈائیٹ چارٹ کے لیے اپنے غذائی ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔اپنی صحت کو برقراررکھنے اوربہترین راہ نمائی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن کلینک سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں یا خود تشریف لائیں۔محفوظ خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آپکی صحت کا خیال ہماری اولین ترجیح ہے۔