متنازعہ صحافی سرل المیڈا کے زمینی سفر کے ذریعے ملتان جانے کا انکشاف

جمعرات 17 مئی 2018 00:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) سابق نا اہل وزیراعظم نواز شریف کا مبینہ طور پر ملک دشمن انٹرویو چلانے والے متنازعہ صحافی سرل المیڈا کے ہوائی سفر کو ڈھال بناتے ہوئے در اصل زمینی سفر کے ذریعے ملتان جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سفر سے قبل روٹ بھر میں ڈان کے صحافی سرل المیڈا اور سابق وزیراعظم کے مابین درجنوں بار ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔

انتہائی مصدقہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایک پلاننگ کے تحت سرل المیڈا کے ہوائی سفر کی جھوٹی اطلاع عام کی گئی۔

(جاری ہے)

حقیقت یہ ہے کہ سرل المیڈا نے جمعہ کی صبح8بجے اسلام آباد سے سفید ٹیوٹا کرولا جی ایل آئی نمبرAFD-997کے ذریعے ملتان کا سفر شروع کیا اور تقریباً اڑھائی بجے ملتان پہنچا۔ رمارا ہوٹل ملتان میں مختص قیام کے بعد سرل المیڈا ملتان کے ایک بزنس مین کی ملکیت ’’رومی ہاؤس‘‘ نامی رہائشگاہ پر گیا۔ جہاں سابق وزیراعظم دوپہر کے کھانے پر انٹرویو دینے کے لئے منتظر تھے۔ انٹرویو جلد ہی مکمل ہو گیا۔ سرل المیڈا نے جمعہ کی شب ملتان میں گزاری اور دوسرے دن ہفتہ کو شام کو واپسی کا سفر شروع کیا اور شب ایک بجے واپس اسلام آباد پہنچ گیا۔۔